نوشکی آئل ٹینکر دھماکہ: زخمی پولیس اہلکار بھی دم توڑ گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی

نوشکی آئل ٹینکر دھماکہ: زخمی پولیس اہلکار بھی دم توڑ گیا، جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی

کوئٹہ (ویب ڈیسک): بلوچستان کے ضلع نوشکی میں پیٹرول سے بھرے آئل ٹینکر کے دھماکے میں جھلسنے والا ایک اور زخمی پولیس اہلکار کراچی کے نجی اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

 جاں بحق ہونے والے اہلکار کی شناخت عبدالمنان کے نام سے ہوئی ہے، جس کے بعد واقعے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 27 ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹیبل عبدالمنان کو شدید جھلسنے کے باعث کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ کئی روز سے زیر علاج تھا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالقِ حقیقی سے جا ملا۔واضح رہے کہ یہ المناک واقعہ نوشکی میں ایک ٹرک اڈے کے قریب پیش آیا تھا، جہاں پیٹرول سے بھرا ٹرک اچانک آگ لگنے کے بعد دھماکے سے پھٹ گیا۔

 ابتدائی دھماکے کے بعد لوگ آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے کہ ٹینکر کا دوسرا حصہ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے کئی افراد جھلس گئے۔حادثے کے بعد متعدد افراد کو تشویشناک حالت میں کوئٹہ اور کراچی کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ واقعے نے نہ صرف مقامی افراد بلکہ سوشل میڈیا پر بھی شدید افسوس اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔