اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) : وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی کھلی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج کی تاریخی کامیابی پر ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ اس بے مثال کاؤنٹر اوفینسیو کے بعد سامنے آیا جو گزشتہ شب دشمن کی تین فضائی اڈوں پر میزائل حملوں کے جواب میں آپریشن بنیانِ مرصوص کی صورت میں دیا گیا۔ یہ آپریشن قرآنی عنوان کے ساتھ تاریخ کے سنہرے ابواب میں شامل ہو چکا ہے۔ذرائع کے مطابق، دشمن کے حملے کے صرف ڈیڑھ گھنٹے بعد پاکستان نے نہ صرف فوری بلکہ غیر معمولی تکنیکی برتری کے ساتھ ردعمل دیا۔ چند ہی گھنٹوں میں بھارت کے دفاعی انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا گیا، جس میں:
ملٹری سیٹلائٹ کمیونیکیشن نظام مکمل طور پر جام ہو گیا،
سینکڑوں سرکاری و دفاعی ویب سائٹس ہیک کر لی گئیں،
متعدد بجلی گھر اور گرڈ اسٹیشن بند ہو گئے،
ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا گیا،
دو درجن سے زائد میزائل و اسلحہ گودام، ہوائی اڈے اور فوجی اڈے تباہ کیے گئے۔
یہ سب کچھ روایتی ہتھیاروں اور انتہائی درست نشانے پر مبنی میزائل سٹرائیکس کے ذریعے ممکن بنایا گیا۔ سب سے اہم بات یہ کہ اس پوری کارروائی کے دوران ایک بھی عام شہری کی جان ضائع نہیں ہوئی، جو اس آپریشن کی پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقی برتری کی مظہر ہے۔ذرائع کے مطابق، دشمن کو اس قدر حیران کن شکست ہوئی کہ اس نے نہ صرف مزید جواب دینے کی ہمت کھو دی بلکہ عالمی قوتوں خصوصاً امریکا کے ذریعے پاکستان کے دوست ممالک سے سیز فائر کے لیے التجا کی۔ پاکستان، ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر، جنگ بندی پر آمادہ ہوا لیکن دنیا پر یہ واضح کر دیا گیا کہ پاکستان ہر قسم کی مزید کارروائی کے لیے مکمل تیار ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاکستانی قوم، افواجِ پاکستان اور بالخصوص جنرل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔آج ملک بھر میں یومِ تشکر کے طور پر شہری ریلیاں نکال رہے ہیں، مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں، اور مساجد میں شکرانے کے نوافل ادا کیے جا رہے ہیں۔ عوام نے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے قومی پرچموں کے ساتھ گھروں اور گاڑیوں کو سجایا ہے۔یہ دن نہ صرف پاکستان کی عسکری صلاحیت کا ثبوت ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کے سفارتی وقار اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا بھی مظہر ہے۔