اوکاڑہ یونیورسٹی ،65 تقرریوں، 1700 ملین بجٹ کی منظوری

سنڈیکیٹ نے28ویں اجلاس میں سفارشات پر 61 تقرریوں،4 ترقیوں کی منظوری دی
حجرہ شاہ مقیم ،چورستہ میاں خاں(خصوصی رپورٹ) اوکاڑہ یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے 65 تقرریوں اور 1700 ملین روپے کے بجٹ کی منظوری دیدی۔جامعہ اوکاڑہ کی سنڈیکیٹ نے اپنے 28ویں اجلاس میں سلیکشن بورڈ کی سفارشات پر 61 نئی تقرریوں اور 4 ترقیوں کی منظوری دے دی جبکہ مالی سال 2025-26 کے لیے 1700 ملین روپے کے نظرثانی شدہ بجٹ کی بھی منظوری دے دی گئی۔ یہ بجٹ 19ویں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پیش کیا گیا تھا۔سنڈیکیٹ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کی۔ انہوں نے جامعہ اوکاڑہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین کو ادارے کو شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر درست سمت میں گامزن کرنے اور تعلیمی و انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے متعدد منصوبے شروع کرنے پر سراہا۔اجلاس میں جامعہ اوکاڑہ کے رجسٹرار جمیل عاصم نے ایجنڈا پیش کیا جبکہ پبلک ریلیشن آفیسر شرجیل احمد نے موجودہ وائس چانسلر کے دورِ قیادت میں یونیورسٹی کی پیش رفت پر مبنی رپورٹ پیش کی۔ وزیر اعلیٰ تعلیم سمیت سنڈیکیٹ کے تمام اراکین ،جن میں پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد، پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد، سلمان غنی، مظہر علی خان، زاہدہ اظہر، میاں منیر احمد، چودھری جاوید علا ئوالدین، معطیہ بیگم، شازیہ خضر، شاہد امتیاز، غلام نبی اور جاوید اقبال بخاری نے پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین کی قیادت میں جامعہ اوکاڑہ کی نمایاں ترقی کو سراہا۔