جنگ سے عالمی معیشت اور توانائی کی ترسیل کو خطرات لاحق ہیں:مشیر وزیراعظم کی ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو سے بات چیت
اسلام آباد(آن لائن) مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے کہا ہے جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں یہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہے‘جنگ سے عالمی معیشت اور توانائی کی ترسیل کو خطرات لاحق ہیں۔ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو کی مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ سے اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی بھی شریک ہوئے۔ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران رانا ثناء اللہ اور ترک سفیر نے خطے کی بدلتی ہوئی سیاسی و دفاعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔دونوں ممالک کی جانب سے خطے میں امن و امان کے قیام اور تنازعات کے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ترک سفیر نے کہا کہ ترکیہ کے وزیرِ کھیل اس سال مئی میں پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کا فروغ اور نوجوانوں کے لیے مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے