ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات پر صارف کے تجربے سے متعلق ملک گیر سروے کا آغاز

کراچی (آن لائن)اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)نے پاکستان بھر میں "ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات پر صارف کا تجربہ" کے موضوع پر ایک ملک گیر سروے شروع کیا ہے تاکہ ان خدمات کے صارفین سے براہِ راست آرا اور تجاویز حاصل کی جا سکیں۔گذشتہ برسوں میں، اسٹیٹ بینک نے ملک میں محفوظ، قابلِ اعتماد، مثر اور جامع ڈجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے فروغ کے لیے وسیع پیمانے پر پالیسی، ریگولیٹری اور ڈجیٹل ادائیگیوں کے انفراسٹرکچر کی تیاری سے متعلق اقدامات کیے ہیں۔ ان کوششوں کے نتیجے میں پچھلے پانچ برسوں کے دوران موبائل بینکاری ایپس، ڈجیٹل والٹس، کارڈز، راست، آئی بی ایف ٹی وغیرہ کے ذریعے ڈجیٹل ادائیگیوں میں تیزی سے اضافہ کرنے میں مدد ملی ہے۔جیسے جیسے ڈجیٹل ادائیگیاں روزمرہ زندگی کی سرگرمیوں کا حصہ بنتی جا رہی ہیں، صارفین کے تجربات اور توقعات کو سمجھنا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے کہ ڈجیٹل ادائیگیوں کا نظام عوام کی بدلتی ہوئی ضروریات سے ہم آہنگ رہے۔ اس سروے کے ذریعے اسٹیٹ بینک کا مقصد صارفین کے استعمال کے طریقوں، خدمات کے معیار، استعمال میں آسانی، ٹرانزیکشن میں بھروسے، شکایات کے ازالے کے نظام، دھوکہ دہی سے متعلق خدشات اور صارف کے مجموعی تجربے کے بارے میں معلومات اور آرا کا حصول ہے۔