اسلام آباد(آئی این پی )وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اس سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا کہ آیا پاکستان نے ہائپرسانک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے یا نہیں، ان کا کہنا تھا کہ ایسے معاملات پر عوامی سطح پر سوال نہیں پوچھے جانے چاہئیں۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اس سوال پر کہ آیا پاکستان نے میزائل تجربہ کیا ہے یا نہیں؟ خواجہ آصف نے کہا کہ اب یہ سب سوال مت پوچھیں، ایسی باتیں خلوت میں پوچھیں۔یہ سوال اس وقت سامنے آیا جب منگل کی علی الصبح کوئٹہ کے اوپر ایک نایاب لینٹیکیولر بادل کی تشکیل دیکھی گئی، جس نے عوام کو اس کے ماخذ اور نوعیت کے بارے میں الجھن میں ڈال دیا۔اس سے قبل اسی ہفتے جب خواجہ آصف سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ہائپرسانک بیلسٹک میزائل تجربے کی افواہوں کو محض قیاس آرائیاں قرار دیا تھا۔