پنجاب میں کسان رل رہے ہیں لیکن مریم نواز کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی،مشیراطلاعات کے پی
پشاور(آئی ا ین پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کسان دشمن بااثر افراد آج بھی وفاق اور پنجاب کے اہم عہدوں پر قابض ہیں۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کسان اتحاد نے جعلی وفاقی حکومت، بالخصوص پنجاب میں ترقی کے جھوٹے دعوئوں کو بے نقاب کر دیا ہے، گذشتہ ایک سال کے دوران صرف گندم کے کاشتکاروں کو 2200ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، جعلی حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے باعث گذشتہ سال کی نسبت زرعی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں .91فیصد کمی واقع ہوئی ہے، کپاس کی پیداوار میں 34فیصد اور مکئی کی پیداوار میں 15.4فیصد کمی ہوئی ہے، رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ میں فوڈ امپورٹ بل 7ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جعلی حکومت اس ریڑھ کی ہڈی کو دبا کر ترقی کے جھوٹے دعوے کر رہی ہے، کسان دشمن بااثر افراد آج بھی وفاق اور پنجاب کے اہم عہدوں پر قابض ہیں، پنجاب میں کسان رل رہے ہیں لیکن مریم نواز کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گذشتہ سال پنجاب کے کسانوں کے زخموں پر مرہم رکھا تھا، اگر وہ پنجاب کے کسانوں سے گندم نہ خریدتے تو شاید آج پیداوار اس سے بھی کم ہوتی۔