کمپیوٹر کی غلطی ہے‘ ٹھیک کر کے دوبارہ40ہزار کا بل بھیج دیا ہے:ترجمان سوئی گیس
راولپنڈی (آئی این پی )راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں سوئی ناردرن گیس حکام کی انوکھی غلطی ، ایک دیہاڑی دار مزدور راجہ اللہ دتہ کو 1 کروڑ 23 لاکھ 59 ہزار 150 روپے کا بھاری بھرکم گیس بل بھیج دیا گیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق وہ معمولی آمدن سے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا گزارہ کرتا ہے اور عموما 10 سے 15 ہزار روپے کا بل آتا ہے، تاہم اس بار اچانک اتنا بڑا بل موصول ہوا کہ ہوش اڑ گئے۔رپورٹ کیمطابق راجہ اللہ دتہ کا کہنا تھا کہ وہ آئس کریم سپلائی کا چھوٹا سا کاروبار کرتا ہے اور اتنا بڑا بل ادا کرنا تو درکنار، اگر گھر کا سارا سامان بھی بیچ دے تب بھی ادائیگی ممکن نہیں۔ محکمہ سوئی گیس کے ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے یہ بل دراصل کمپیوٹر کی غلطی کا نتیجہ ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ صارف کا کیس محکمے کے نوٹس میں آ چکا ہے، اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق بل میں ظاہر کی گئی رقم کمپیوٹر ایرر کا نتیجہ ہے۔ معاملے کی باقاعدہ انکوائری جاری ہے۔بعدازاں ترجمان سوئی ناردرن گیس نے تصدیق کی کہ راجہ اللہ دتہ کا بل درست کر کے 40 ہزار 240 روپے کا نیا بل جاری کر دیا گیا ہے