اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے حال ہی میں نانگا پربت سر کرنے والی قطر کی پہلی خاتون کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی نے ملاقات کی، جس دوران انہیں پاکستان کی جانب سے ماؤنٹینز اینڈ ٹورازم کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا۔وزیراعظم نے شیخہ اسماء کو خلیجی خطے اور قطر کی پہلی خاتون ہونے پر مبارکباد دی جنہوں نے دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو کامیابی سے سر کیا۔ وزیراعظم نے ان کی غیر معمولی جرات، ہمت اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے کہا کہ شیخہ اسماء کا جذبہ نہ صرف دنیا بھر کی خواتین بلکہ نوجوانوں کے لیے بھی ایک متاثر کن مثال ہے۔ ایڈونچر اور کوہ پیمائی کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے ان کے مشن کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایسے کردار عالمی سطح پر مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ہوتے ہیں۔