وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی اور منتقلی کے حوالے سے تحریک انصاف کے دعووں کی سختی سے تردید کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بنی گالہ منتقل کرنے کی نہ تو کوئی پیش کش کی گئی ہے اور نہ ہی ان کی رہائی کے لیے کسی قسم کا دباؤ ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کے دعوے حقیقت پر مبنی نہیں ہیں اور حکومت نے عمران خان کی جیل سے رہائی یا منتقلی کے حوالے سے کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے دعوے محض سیاسی بیان بازی ہیں۔ عمران خان کی جیل سے رہائی کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے اور اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت سیاسی استحکام قائم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کا دباؤ یا غیر قانونی اقدام نہیں کیا جا رہا۔
وزیر دفاع نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی دعاؤں سے پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور 19 یورپی شہروں تک پروازیں چلائی جائیں گی، جن میں برطانیہ اور نارتھ امریکہ بھی شامل ہوں گے۔