لندن(آئی این پی)ایئر پورٹس کے قریب رہنے والوں کو دل کا دورہ پڑنے یا فالج ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔یہ انکشاف یونی ورسٹی کالج لندن کے محققین کی سربراہی میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں ہوا ہے۔تحقیق کے مطابق ہوائی جہازوں کے شور کی وجہ سے ایئر پورٹس کے قریب رہنے والے لوگوں کے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے یا فالج ہونے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔اس تحقیق میں انگلینڈ کے 4بڑے ایئر پورٹس کے قریب رہنے والے 3ہزار 635افراد کے دل کی امیجنگ کے تفصیلی ڈیٹا کا تجزیہ لیا گیا اور اس کا موازنہ ان علاقوں کے لوگوں کے ڈیٹا سے کیا گیا جہاں ہوائی جہاز کے شور کی سطح کم ہے۔تجزیے کے مطابق رات کے وقت ہوائی جہازوں کے شور کی وجہ سے نیند میں خلل پڑنے اور گھر میں زیادہ وقت شور میں گزارنے کی وجہ سے ایئر پورٹس کے قریب رہنے والے لوگوں کے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے یا فالج ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔