حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں،مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو: شوکت یوسفزئی

 اسٹیبلشمنٹ کو بھی اب سمجھ آجانی چاہیے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی ملک کے اوپر بوجھ ہیں،ویڈیو بیان
پشاور (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جاری مذاکرات کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں شوکت یوسف زئی نے کہا کہ میڈیا پر شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کی لڑائی دیکھ کر افسوس ہوا۔ سینئر لیڈرشپ کی ذمے داری ہے کہ وہ پارٹی کے اندر ڈسپلن قائم کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ تحریک انصاف کے مذاکرات کا تیسرا دور شاید آخری ہو، کیوں کہ حکومت کا رویہ سنجیدہ نہیں ہے، حکومت اب بیک فٹ پر جا رہی ہے جب کہ عمران خان نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ حکومت کے پاس اختیار نہیں لیکن بہت اچھا ہوا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کر کے حکومت کو ایکسپوز کر دیا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو بھی اب سمجھ آجانی چاہیے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی ملک کے اوپر بوجھ ہیں، یہ اڑان پاکستان کی باتیں کر رہے ہیں لیکن پیسا کہاں ہے، ملک میں امن و امان، رول آف لاء اور سیاسی استحکام نہ ہو تو کون پاکستان کے اندر سرمایہ کاری کرے گا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ دوبرس میں حکومت نے 27ہزار ارب کا قرضہ لیا ہے، کیا اڑان پاکستان قرضوں سے چلے گا، حکومت بتائے وہ 27ہزار ارب روپے کہاں خرچ ہوئے؟ ،قوم کو حساب دے کیوں کہ ایک روپے کا ریلیف بھی عوام کو نہیں مل سکا۔