مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع، سردی مزید بڑھ گئی

8گھنٹوں میں 4 انچ برف ریکارڈہوئی،تمام راستے کلیئر :ڈی پی او مری
 ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی،آج موسم خشک رہنے کا امکان 
اسلام آباد،مری ،پشاور(خصوصی رپورٹ)مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع، 8گھنٹوں میں تقریبا 4 انچ تک برفباری کے بعد بارش ،سردی مزید بڑھ گئی جبکہ پنجاب،بلوچستان ،آزادکشمیر میں بھی متعدد علاقوں میں بھی بارش ،پختونخوا کے مختلف بالائی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی ، سب سے زیادہ بارش مری میں 12، اسلام آباد13، راولپنڈی 11، اٹک 2، منگلا 1،مظفرآباد 11 ، مالم جبہ، کاکول 9، پشاور 8،چراٹ، پاراچنار 5 ،کوئٹہ 3، ڑوب میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے کہا ہے کہ مری میں وقفے وقفے سے جاری ہلکی برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا،اب تک تقریبا 4 انچ تک برف ریکارڈ کی جا چکی ،انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں کو کلیئر کر دیا ، کوئی بھی راستہ بلاک نہیں ، سیاح بلا خوف و خطر ملکہ کوہسار کا رخ کر سکتے ہیں۔ پختونخوا کے صوبائی دارلحکومت پشاور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ شانگلہ سمیت ملحقہ بالائی پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری جاری ہے ، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ،لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ،شوگران میں تین انچ ، کاغان میں پانچ انچ برف پڑ چکی ،گلیات کے متعدد مقامات پر سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔ ایبٹ آبادضلعی انتظامیہ نے گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی طوفان کے خطرات کے باعث باڑیاں تا نتھیاگلی روڈ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دوسری جانب بارش کے باعث پیسکو ریجن کے مختلف علاقوں پشاور، سوات، خیبر، مردان، ڈی آئی خان، بنوں اور صوابی میں 64 فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدیدسرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 11اور زیادہ سے زیادہ21سینٹی گریڈرہا ، آلودگی کی مجموعی شرح 181فیصد رہی۔