بیوی اور ساس کو قتل کر نے والے ملزم کی پھانسی کے خلاف اپیل خارج

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے بیوی اور ساس کو قتل کرنے والے مجرم کی پھانسی کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے قاتل کی دو مرتبہ پھانسی کی سزا کا فیصلہ بر قرار رکھنے کا حکم سنا دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا ء باجوہ پرمشتمل دو رکنی بنچ نے سزائے موت کے قیدی قمر عباس کی اپیل پر سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل وقاص انور نے مجرم کی بریت کی اپیل کی مخالفت میں دلائل پیش کیے ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل وقاص انور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مجرم نے گھریلو ناچاقی پر بیوی شبنم اور ساس زبیدہ کو قتل جبکہ سالی سحر کو زخمی کیا ،مجرم کے خلاف تھانہ رینالہ خورد میں مقدمہ درج ہوا ،گواہوں کی موقع پر موجودگی ثابت ہوتی ہے۔ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل نے عدالت کو مزید بتایا کہ میڈیکل شہادت سے بھی قتل کا الزام ثابت ہوتا ہے، آلہ قتل چھری پر خون کی موجودگی اور مثبت فرانزک رپورٹ میں مجرم قصور وار پایا گیا۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دئیے کہ گواہوں کے بیانات میں تضاد ہے۔۔ عدالت نے فریقین کے وکلا ی کے دلائل سننے کے بعد مجرم قمر عباس کی اپیل خارج کرتے ہوئے سزائے موت کے فیصلے کو برقرار رکھا۔