صدر ٹرمپ اور برطانیہ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کردی

  ایسی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہوگی، اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان فیصلوں کو فوری واپس لے 
واشنگٹن،لندن(آئی این پی )امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کر دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہائو س کے عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ مغربی کنارے میں استحکام سے اسرائیل محفوظ رہیگا۔وائٹ ہائو س عہدیدار کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں استحکام خطے میں قیام امن کے امریکی ہدف کے مطابق ہے۔دوسری جانب برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہوگی، اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان فیصلوں کو فوری طور پر واپس لے۔