بلوچستان کو علیحدہ ملک بنانے والوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا:سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی  کا  شہید  پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کے گھروں کا دور،  لواحقین سے ملاقات، اظہارِ یکجہتی  
کوئٹہ(آئی این پی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 31 جنوری کو دہشت گردی کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کے گھروں کا دورہ کیا شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت، فاتحہ خوانی اور تفصیلی گفتگو بھی کی۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے ہر سپاہی اور عام شہری کے گھروں میں جا کر لواحقین کے دکھ میں شریک ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کی ہر ممکن مدد، سرپرستی اور معاونت جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برسرپیکار ہر سپاہی کو مزید مضبوط اور بااختیار بنایا جائے گا تاکہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ بلوچستان کو توڑ کر علیحدہ ملک بنانے والوں کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیا جائے گا اور ریاست ایسی مذموم کوششوں کا پوری قوت سے جواب دے گی