پریم یونین کا ڈی ایس ریلوے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ

نجکاری کیخلاف تحریک حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گی:مرکزی صدر 
لاہور ( کرائم رپورٹر  ) پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے نے ڈویڑنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مرکزی صدر شیخ محمد انور نے کہا ریلوے کی نجکاری مزدور دشمن فیصلہ ہے اور اس کے خلاف ہماری پرامن احتجاجی تحریک حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گی۔تفصیل کے مطابق ریلوے کی نجکاری، ٹی ایل اے ملازمین کی چھانٹیوں اور پنشن اصلاحات کے خلاف پاکستان ریلوے پریم یونین سی بی اے نے ڈی ایس آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یونین صدر شیخ محمد انور کاکہناتھاکہ ریلوے ملازمین نجکاری کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو گئے ہیں ، اسامیاں ختم کرنے، ٹرینیں پرائیویٹ سیکٹر میں دینے کے خلاف احتجاج کرنے سے مزدور کوکوئی روک نہیں سکتا، ریلوے کی نجکاری مزدور دشمن فیصلہ ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پریم یونین سمیت دیگر مزدوروں تنظیموں کے رہنما ئوں نے دھمکی دیتے ہوئے کہاکہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پھر ریلوے کا پہیہ جام کردیں گے، ریلوے مزدوروں نے ڈی ایس آفس سے ریلوے ہیڈ کوارٹرز تک ریلی نکالی اور دھرنا بھی دیا۔