بلدیہ عظمٰی :نقشہ فیس میں 9 کروڑ کا خسارہ

 9 زونز میں سے کوئی بھی نقشہ فیس کا ہدف پورا نہیں کر سکا ، افسروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا فیصلہ
لاہور (کرائم رپورٹر) بلدیہ عظمٰی لاہور کو پہلی ششماہی میں نقشہ فیس کی مد میں 9 کروڑ روپے کا خسارہ ہو گیا۔یہ انکشاف سرکاری رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ ریونیو اہداف پورے نہ کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔چیف آفیسر بلدیہ عظمٰی لاہور شاہد عباس کاٹھیا نے تمام زونل آفیسرز پلاننگ کو وارننگ جاری کر دی ۔ریونیو اہداف پورا نہ کرنے والے زونل افسروں اور بلڈنگ و انفورسمنٹ انسپکٹرز کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔بلڈنگ پلان فیسوں میں ریکارڈ اضافے کے باوجود آمدن کے اہداف پورے کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے۔یکم جولائی 2024 سے بلدیہ عظمٰی لاہور کی کمرشل اور رہائشی نقشہ فیس ایل ڈی اے کے برابر کی جا چکی ہیں۔تین سے چار گنا فیسوں میں اضافہ کے باوجود ایم سی ایل کے شعبہ پلاننگ کی آمدن نہیں بڑھ سکی۔ مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں نقشہ فیس کی مد میں 40 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ تاہم پہلی ششماہی کے اعداد و شمار کے مطابق 20 کروڑ روپے ہدف میں صرف 11 کروڑ روپے سرکاری خزانے جمع ہوئے۔9 کروڑ روپے کا شارٹ فال رہا۔لاہور کے 9زونز میں سے کوئی بھی نقشہ فیس کا مطلوبہ ہدف پورا نہیں کر سکا ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ خاتون ٹا ئون پلانرز کی انتظامی گرفت کمزور ہونا سب سے بڑی وجہ قرار دے دی گئی۔راوی ،داتا گنج بخش ، علامہ اقبال ، شالیمار،واہگہ،نشتر،سمن آباد زون کارکردگی میں پیچھیہیں۔چیف آفیسر شاہد عباس کاٹھیا کا کہناہے کہ ریونیو اہداف پورے نہ کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف آفیسر ہیڈکوارٹرز محمد جمیل کو شعبہ پلاننگ کی رپورٹ مرتب کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا