جنوبی افریقہ کا 305 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 305 رنز کا ہدف دیا تھا جو کیویز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں بنالیا۔نیوزی لینڈ نے ہدف کے تعاقب میں محتاط انداز میں بیٹںگ کا آغاز کیا اور 50 رنز پر پہلی وکٹ گری۔ ول ینگ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ڈیرل مچل 10 اور ٹام لیتھم صفر پر پویلین لوٹ گئے، ڈیون کانوائے 97 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، کین ولیمسن 133 اور گلین فلپس 28 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔جنوبی افریقہ کی طرف سے سینیوران متھوسامی نے 2، ایتھن بوش اور جونیر دالا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 304 بنائے۔اننگز کا آغاز ہوا تو پروٹیز کپتان ٹیمبا باوما 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے میتھیو بریٹزکے اور جیسن اسمتھ کے درمیان دوسری وکٹ کے شراکت میں 93 رنز بنائے گئے۔ جیسن اسمتھ 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔میتھیو بریٹزکے ون ڈے ڈیبیو میں 150 رنز بنا کر پہلے اوپنر بلے باز بن گئے۔ انہوں نے 148 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔میتھیو بریٹزکے سے قبل کسی بھی کھلاڑی نے ون ڈے ڈیبیو میں 150 رنز اسکور نہیں کیے تھے۔دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کائل ویرین محض 4 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک رن بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔کائل ویرین کی جلد وکٹ گرنے کے بعد میتھیو بریٹزکے اور ویان مولڈر کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 131 رنز جوڑے گئے جس سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔میتھیو بریٹزکے 150 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ ان کے بعد ویان مولڈر 64 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ سینوران موتھو سیمی دو رنز بنا سکے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری اور ول اورورکی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مائیکل بریسویل ایک وکٹ حاصل کر سکے۔