پاکستان میں مہنگائی بڑھ کر 6.3فیصد تک پہنچ سکتی ہے آئی ایم ایف

  جی ڈی پی گروتھ ریٹ 3.2 فیصد ،بے روزگاری میں معمولی کمی متوقع ہے‘ 8 فیصد سے گھٹ کر 7.5 فیصد ہو جائے گی: جائزہ رپورٹ جاری 
 اسلام آباد(آئی این پی )عالمی مالیاتی  فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں مہنگائی بڑھنے کی پیشگوئی کردی۔آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی موجودہ 4.5 فیصد سے بڑھ کر 6.3 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ جون 2026 تک یہ شرح 8.9 فیصد تک جا سکتی ہے۔آئی ایم ایف نے تازہ ترین معاشی جائزہ رپورٹ میں جاری مالی سال کے لئے  جی ڈی پی گروتھ ریٹ 3.2 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، بے روزگاری میں معمولی کمی متوقع ہے جو 8 فیصد سے گھٹ کر 7.5 فیصد ہو جائے گی۔ٹیکسیشن کے حوالے سے آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب مالی سال 2025 کے 15.9 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 2026 میں 16.3 فیصد ہو جائے گا۔جبکہ مالیاتی خسارہ گزشتہ سال کے 5.4 فیصد کے مقابلے میں کم ہوکر 4 فیصد رہنے کا امکان ہے، تاہم قرض کا بوجھ جی ڈی پی کے 69.6 فیصد کی بلند سطح پر برقرار رہے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مہنگائی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی اور مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے کا دوہرا چیلنج درپیش ہے۔