صرف پنجاب ہی نہیں ‘دوسرے صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں مریم نواز

کراچی اور سندھ کے لوگوں کی پریشانی دل سے محسوس کرتی ہوں‘ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں  ہزاروں طلبا کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت اعتماد کا ثبوت ہے
 آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد کی فروغ تعلیم کیلئے بھرپورتعاون کی پیشکش،  وزیراعلی کا محکمہ تعلیم پنجاب سے اشتراک کار کی پیشکش کا خیر مقدم 
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے معیار تعلیم کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو قابل تحسین قرار دیا۔ملاقات میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس وفد نے فروغ تعلیم کے لئے بھرپورتعاون کی پیشکش کی۔ وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی طرف سے محکمہ تعلیم پنجاب سے اشتراک کار کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔  وزیراعلیٰ نے کہا  پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اوردیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ کراچی اور سندھ کے لوگوں کی پریشانی بھی دل سے محسوس کرتی ہوں۔ نواز شریف سکول آف ایمیننس میں داخلے کے لئے ہزاروں طلبا کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت اعتماد کا ثبوت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لوگ اب سرکاری سکول میں داخلوں کے لئے کوشاں نظر آتے ہیں‘دریں اثناء  مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر فرد اور ہر گھر کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے منتخب چھ اضلاع میں پائپ کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ فلٹریشن پلانٹس، بوتل واٹر اور واٹر باؤزرز کے ذریعے بھی پانی کی فراہمی جاری ہے۔