تیسرا مرحلہ‘4حلقوں میں پولنگ‘ن لیگ کا پلڑا پھر بھاری

ایل اے 16 کے پولنگ سٹیشن 179 پر فائرنگ،  پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو نکال دیا گیا
مظفرآباد(مانیٹرنگ  ڈیسک‘آن لائن) آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے باغ اور حویلی میں پولنگ  کرائی گئی‘ انتخابی حلقوں میں ایل اے 14، ایل اے 15، ایل اے 16 اور ایل اے 17 شامل ہیں، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تیسرے مرحلے میں بھی ن لیگ کے امیدوار آگے ہیں‘پاکستان پیپلزپارٹی نے حلقہ ایل اے 16 باغ تھری شرقی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 179 کوٹ چنالہ پر مسلح فائرنگ، پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو نکالنے اور بیلٹ پیپرز پر غیرقانونی طور پر مہریں لگانے کے خلاف چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو ہنگامی شکایت جمع کرادی۔پاکستان پیپلزپارٹی اور حلقہ ایل اے 16 کے امیدوار سردار قمر زمان کی جانب سے جمع کرائی گئی شکایت کے مطابق مسلم لیگ ن سے وابستہ مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن نمبر 179 کوٹ چنالہ پر فائرنگ کرکے پولنگ کا عمل متاثر کیا، جس کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا اور ان کی غیرموجودگی میں بیلٹ پیپرز پر غیرقانونی طور پر مہریں لگائی گئیں