مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی منصوبوں کی ڈلیوری کو تیز، مؤثر اور مربوط بنایا جائے گا ، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب کی اجلاس میں گفتگو
لاہور (آن لائن) دنیا کے پہلے اے آئی اینیبلڈ ڈلیوری یونٹ کی کارکردگی، ترجیحی منصوبوں اور جاری پائلٹ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف اقدامات کے سنگ میل، عملدرآمد کے منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق دنیا کا پہلا اے آئی اینیبلڈ ڈلیوری یونٹ قائم کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد حکومتی منصوبوں کی بروقت، مؤثر اور مربوط ڈلیوری کو یقینی بنانا اور پبلک سروس ڈلیوری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔علی ڈار نے کہا کہ اے آئی ڈلیوری یونٹ کے ترجیحی منصوبوں اور پائلٹ پراجیکٹس پر مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ہے اور منظور شدہ تصورات کو عملی اور قابل توسیع حل میں تبدیل کرنے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ذریعے حکومتی منصوبوں کی ڈلیوری کو تیز، مؤثر اور مربوط بنایا جائے گا تاکہ حکومتی اقدامات کے نتائج عوام تک زیادہ تیزی سے پہنچ سکیں‘ حکومت پنجاب کا مقصد ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو محض ایک تصور تک محدود رکھنا نہیں بلکہ اسے عملی طور پر حکومتی نظام کا حصہ بنا کر عوامی خدمات کی رفتار، معیار اور مؤثریت میں نمایاں بہتری لانا ہے۔