اسلام آباد(یواین پی)گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال کے معاملے پر پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فوری مداخلت کی اپیل کر دی۔پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کے چیئرمین فواد انور نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خط ارسال کر دیا۔ خط کی نقل وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو بھی ارسال کی گئی۔پی ٹی سی کے مطابق 8 اگست سے جاری گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے خام مال اور برآمدی کھیپوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے جبکہ برآمدی کنٹینرز کی معمول کے مطابق نقل و حرکت بھی متاثر ہوگئی۔