راولپنڈی(آئی این پی )سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف موثر اور کامیاب کارروائیوں کے دوران پنجگور کے علاقے سرکینی، چھیدگی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت پنجگور کے علاقے میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سرغنہ سمیت 5 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کر کے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا سرمایہ افتخار ہیں