شوہر بیوی کو مگرمچھ کے جبڑے سے زندہ نکال لایا

نہر پر کپڑے دھوتی خاتون کو مگر مچھ کھینچ کر پانی میں لے گیا
شوہر حْب علی نے جان کی پروا کیے بغیر نہر میں چھلانگ لگا دی
سکھر (مانیٹرنگ ڈیسک )شوہر اپنی جان کی پروا کیے بغیر مگرمچھ کے جبڑے سے بیوی کو زندہ واپس لے آیا۔ واقعہ صالح پٹ کے علاقے ریاض آباد نارا کینال کی آرڈی 115 میں پیش آیا جہاں نہر کنارے کپڑے دھونے والی خاتون پر مگرمچھ نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں مگرمچھ خاتون ہدایتاں ملاح کو پانی میں گھسیٹ کر لے گیا۔ مگرمچھ خاتون کو جبڑے میں دبا کر کئی میٹر تک پانی میں گھسیٹ کرلے گیا، خاتون کی چیخ پْکار سن کر اس کا شوہر حْب علی ملاح دوڑتے ہوئے وہاں پہنچا اور بیوی کو بچانے کیلئے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نہر میں چھلانگ لگا دی۔معلوم ہوا ہے کہ حْب علی ملاح نے مگرمچھ سے اپنی بیوی ہدایتاں ملاح کو چھْڑوا لیا، تاہم مگرمچھ نے خاتون ہدایتاں ملاح کی ٹانگ بْری طرح چبا ڈالی، اس کے باعث خاتون کو شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال سکھر منتقل کیا گیاجہاں خاتون کا علاج جاری ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نارا کنال پاکستان کی سب سے لمبی نہر ہے جو لندن کے دریائے ٹیمز کے تقریباً برابر پانی لے کر جاتی ہے، یہ نہر سویز سے بھی بڑی ہے، سکھر کی نارا کینال میں تقریباً ڈھائی سو سے زائد مگرمچھ موجود ہیں، نارا کینال کے یہ مگرمچھ اکثر و بیشتر لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، کچھ عرصہ قبل مگرمچھ نے ایک لڑکی کو نارا کینال میں لے جا کر کھالیا تھا۔