ویب ڈیسک: اسرائیلی افواج کے ایک اور مہلک حملے میں قطر کے معروف نیوز چینل کے صحافی انس الشریف اپنے چار صحافتی ساتھیوں سمیت غزہ میں شہید ہو گئے۔
غزہ کے الشفاء ہسپتال کے مطابق 28 سالہ انس الشریف اور ان کے ساتھی ہسپتال کے مرکزی دروازے کے قریب صحافیوں کے لیے قائم ایک خیمے میں موجود تھے، جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔ مقامی حکام نے اس حملے کو ممکنہ طور پر ٹارگٹڈ اسٹرائیک قرار دیا ہے۔شہید ہونے والوں میں قطری چینل کے رپورٹر محمد قریقیہ، کیمرا مین ابراہیم ظاہر اور میڈیا ورکر محمد نوفل شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انس الشریف شمالی غزہ میں اسرائیلی بمباری، انسانی بحران اور جنگی جرائم کی مسلسل اور وسیع کوریج کر رہے تھے، جس کے باعث انہیں کئی بار دھمکیاں موصول ہوئیں۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انس الشریف مبینہ طور پر حماس کے ایک سیل کی سربراہی کر رہے تھے، تاہم اس دعوے کے کوئی شواہد تاحال پیش نہیں کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق انس الشریف ان نمایاں صحافیوں میں شامل تھے جو غزہ میں جاری تباہی اور انسانی المیے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سرگرم تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ 22 ماہ کے دوران 662 فلسطینی کھلاڑی اور اسپورٹس عہدیداران بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔