حملے سے مستقل ڈیٹا نقصان، کاروباری سرگرمیوں میں تعطل اور حساس معلومات افشا ہوسکتی ہیں‘بچاؤ کے لئے ایڈوائزری جاری کی گئی
اسلام آباد(یواین پی)پاکستان کی اہم وزارتوں اور محکموں پر ممکنہ سائبر حملوں میں ڈیٹا کے مستقل نقصان، کاروباری نظام جام ہونے اور حساس معلومات لیک ہونے کے خطرے کے پیش نظر ڈی جی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے 39 وزارتوں اور اداروں کو خط لکھ کر ممکنہ تباہ کن اثرات سے خبردار کر دیا۔نیشنل سرٹ کے مطابق وزارتوں اور اہم اداروں میں بلولاکر رینسم ویئر کے سائبر حملے سے بچاؤ کے لیے ایڈوائزری جاری کی گئی، حملے سے مستقل ڈیٹا نقصان، کاروباری سرگرمیوں میں تعطل اور حساس معلومات افشا ہوسکتی ہیں۔خط سیکریٹری کابینہ، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری خارجہ، ڈی جی نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی اور پیمرا سمیت دیگر اداروں کو لکھا گیا ہے۔این آئی ٹی بی، این ڈی ایم اے، اوگرا، ایف بی آر، خارجہ اور خزانہ سمیت تمام اہم وزارتوں کو خط بھی لکھا گیا ہے۔