پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں 16 فیصد اضافہ

 گزشتہ مالی سال تجارت کا حجم 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا،پاکستان نے ایک سال میں امریکہ کو 5 ارب 83 کروڑ ڈالر کی برآمدات کیں
پاکستان کی امریکہ کو برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ‘ امریکہ کی پاکستان کو درآمدات کا حجم ایک ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا:دستاویزات

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا ہے ۔پاکستان اور امریکہ کی دو طرفہ تجارت کے حتمی اعداد و شمار سامنے آگئے  ۔دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال پاک امریکہ تجارت کا حجم 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا،پاکستان نے ایک سال میں امریکہ کو 5 ارب 83 کروڑ ڈالر کی برآمدات کیں۔گزشتہ مالی سال پاکستان کی امریکہ کو برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔دستاویز کے مطابق امریکہ کی پاکستان کو درآمدات کا حجم ایک ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا، دستاویزکے مطابق پاکستان کی امریکہ سے درآمدات میں گزشتہ سال 40 فیصد اضافہ ہوا، ایک سال میں امریکہ کے ساتھ پاکستان کا تجارتی سرپلس 4 ارب ڈالر سے زائد رہا۔پاکستان نے امریکہ کو زیادہ برآمدات بستر، میز، بیت الخلا اور کچن چادروں کی کیں۔بستر، میز، ٹوائلٹ اور کچن چادروں کی برآمدات کا حجم 1.038 ارب ڈالر رہی،امریکہ کو مردانہ سوٹ، جیکٹ اور ٹراؤزر کی برآمدات 936 ملین ڈالر رہیں، امریکہ کو تیار شدہ ملبوسات اور ڈریس پیٹرن کی برآمدات 386 ملین ڈالر رہیں، پاکستان نے امریکہ کو 36 کروڑ 10 ڈالر کی ٹی شرٹس کی برآمدات کیں،  امریکہ کو جرسیوں اور پل اوورز کی برآمدات 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہیں،پاکستان کی امریکہ کو جرابوں کی برآمدات 27 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں۔دستاویز کے مطابق امریکہ کو چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں،پاکستان نے امریکہ کو خواتین کے ملبوسات کی 15 کروڑ 70 ڈالر کی برآمدات کیں،پاکستان نے امریکہ سے سے سب سے زیادہ 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی روئی درآمد کی ۔امریکہ سے لوہے اور اسٹیل کے سکریپ کی تقریبا 16 کروڑ ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔امریکہ سے 13 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سویا بین، 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا کوئلہ درآمد کیا گیا۔امریکہ سے ٹربو جیٹس اور گیس ٹربائنز کی درآمدات 50 ملین ڈالر رہیں، کمپیوٹر مشینز کی 4 کروڑ، پیٹرولیم آئل کی 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی درآمدات ہوئیں۔پاکستان نے امریکہ سے 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی الیکٹرو میڈیکل آلات درآمد کیے ۔امریکہ سے خشک میوہ جات کی درآمدات کا حجم 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔