فرانسیسی حکام غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرتے ہیں:برطانوی ماہی گیر

فرانسیسی حکام غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرتے ہیں:برطانوی ماہی گیر

برطانوی ماہی گیر میٹ کوکر نے فرانسیسی حکام پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انگلش چینل عبور کرنے کے لیے غیر قانونی تارکینِ وطن کو لائف جیکٹس فراہم کر رہے ہیں۔

یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب برطانیہ میں چھوٹی کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی مہاجرین کی آمد کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ڈوور سے تعلق رکھنے والے ماہی گیر نے کہا کہ فرانسیسی حکام پناہ کی غرض سے انگلینڈ آنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کو واپس بھیجنے کے بجائے ان کی مدد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فرانسیسی اب اس قدر بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکینِ وطن کو دیکھ کر مغلوب ہو چکے ہیں، جو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر 21 میل طویل سمندر کو عبور کر کے برطانیہ آتے ہیں۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ فرانسیسی حکام اپنے جہازوں سے غیر قانونی تارکینِ وطن کو لائف جیکٹس فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ چینل کو محفوظ طریقے سے عبور کر سکیں۔

تاہم، فرانسیسی سینئر حکام نے ان دعووں کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا کہ برطانیہ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کو لائف جیکٹس فراہم کرنا غیر قانونی ہوگا۔رواں سال کے دوران اب تک 123 کشتیوں میں 6,796 افراد برطانیہ پہنچ چکے ہیں، جب کہ لیبر پارٹی کے برسر اقتدار آنے کے بعد مجموعی طور پر 23 ہزار سے زائد افراد برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔ اس صورتحال نے دونوں ممالک کے درمیان تارکینِ وطن کے مسئلے پر مزید تنازعہ پیدا کر دیا ہے۔