ہیلتھ کیئر کمیشن کو اتائیوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کردی:وزرا صحت
لاہور:پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں تمام سرکاری ہسپتالوں کے آئی وارڈز میں لیمینار فلو ہڈ نصب کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا۔ یہ فیصلہ صوبائی وزرائے صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن میں اعلی ٰسطحی اجلاس کے دوران کیا۔ سی ای او ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈین آئی پی ایچ ڈاکٹر سائرہ، پروفیسر اسد اسلم خان اور ڈاکٹر مشتاق سلہریا کے علاوہ دیگر افسران کی شرکت۔ ایوسٹن انجیکشن کی ایڈمنسٹریشن ہینڈلنگ پروکیورمنٹ اور ایس او پی بارے معاملات زیر غور لائے گئے۔ اجلاس میں ایس او پیز پر عملدرآمد اور انسدادِ اتائیت پروگرام کابھی جائزہ لیا گیا۔ انجیکشن آویسٹن کی حوالے سے آگاہی و تربیتی ویڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ وزرائے صحت کو بچوں کی صحت مند زندگی کے لئے جامع آگاہی پروگرام کے بارے میں تفصیلاً بتایا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو انسانی صحت کے دشمنوں اتائیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔