ایران اور یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش 50 ہزار افراد کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کردئیے گئے وزیر داخلہ

 پاسپورٹس بلیک لسٹ کرنے کی سفارش ایف آئی اے بلوچستان نے کی تھی‘ متعلقہ افراد بلیک لسٹ سے ہٹانے کیلئے ڈی جی پاسپورٹ کے پاس  اپیل کر سکتے ہیں
 پاسپورٹ حصول کیلئے نئی شرائط کے قانونی امور مکمل کرنے کی ہدایت‘نئی شرائط سے بھکاریوں، غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام ہوگی: محسن نقوی  کی اجلاس میں گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی  وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر ایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 50 ہزار افراد کے پاسپورٹس بلیک لسٹ کردئیے‘زیر داخلہ محسن نقوی نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران تحریری جواب میں بتایا کہ ایران اور یورپ میں غیر قانونی داخلے کی کوشش کرنیوالے 50 ہزار افراد کے پاسپورٹس بلیک لسٹ کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان افراد کے پاسپورٹس بلیک لسٹ کرنے کی سفارش ایف آئی اے بلوچستان نے کی تھی، ان افراد کے پاسپورٹ غیر قانونی داخلے، جعلی پاسپورٹ ،فراڈ اور انسانی سمگلنگ کے الزامات کے تحت بلیک لسٹ کیے گئے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ متعلقہ افراد بلیک لسٹ سے ہٹانے کے لیے ڈی جی پاسپورٹ کے پاس مروجہ طریقہ کار کے مطابق اپیل کر سکتے ہیں۔دریں اثناء  محسن نقوی نے پاسپورٹ حصول کیلئے نئی شرائط کے قانونی امور مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی شرائط سے بھکاریوں، غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام ہوگی۔  محسن نقوی کی زیرصدارت ڈائریکٹوریٹ  آف امیگریشن میں اہم اجلاس ہوا،وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی جی پاسپورٹ اجلاس میں شریک ہوئے،محسن  نقوی نے پاسپورٹ حصول کیلئے نئی شرائط کے قانونی امور مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ نئی شرائط سے بھکاریوں، غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام ہوگی،طلال چودھری کاکہنا تھا فیصلے سے بین الاقوامی برادری کو مثبت پیغام جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ ڈی پورٹ افراد کے پاسپورٹ بلاک کی ہدایت پر 100فیصد عملدآمد یقینی بنایا جائے۔وزیر داخلہ نے نئی نصب شدہ 6ایم آر پی اور 2ای پاسپورٹ مشینوں کا معائنہ بھی کیا