نئی سفارتی تقرریاں: آمنہ بلوچ ترکیہ میں سفیر، عاصم افتخار احمد نئے سیکریٹری خارجہ مقرر

نئی سفارتی تقرریاں: آمنہ بلوچ ترکیہ میں سفیر، عاصم افتخار احمد نئے سیکریٹری خارجہ مقرر

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں ترکیہ میں پاکستان کی سفیر تعینات کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ عاصم افتخار احمد کو نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دفتر نائب وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی 33ویں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط سفارتی کیریئر کے بعد 17 ستمبر کو سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوں گی۔آمنہ بلوچ نے 11 ستمبر 2024 کو سیکریٹری خارجہ کا منصب سنبھالا تھا اور پاکستان کی سفارتی تاریخ کے ایک اہم دور میں وزارت خارجہ کی قیادت کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آمنہ بلوچ کی انتھک خدمات، قیادت اور قومی خدمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پیچھے عوامی خدمت اور پیشہ ورانہ لگن کی قابل قدر میراث چھوڑ کر جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد آمنہ بلوچ ترکیہ میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور امید ہے کہ وہ نئے منصب پر بھی اسی عزم، قابلیت اور پیشہ ورانہ انداز کے ساتھ پاکستان کی خدمت جاری رکھیں گی۔

اسحاق ڈار نے عاصم افتخار احمد کو نیا سیکریٹری خارجہ مقرر کیے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔نائب وزیراعظم نے اعتماد کا اظہار کیا کہ عاصم افتخار احمد کی قیادت میں وزارت خارجہ پاکستان کے قومی مفادات کو وضاحت، پیشہ ورانہ مہارت اور مقصدیت کے ساتھ آگے بڑھائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آمنہ بلوچ اور عاصم افتخار احمد کی مذکورہ تقرریوں اور نئی ذمہ داریوں کی منظوری دے دی ہے۔