حکومت کا سیلاب متاثرین کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ

 بلوں پر جی ایس ٹی، ایف سی سرچارج ، فکس چارجز، ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے پر غور
 متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل ہوتے ہی کسان پیکیج کا اعلان کرینگے، رانا تنویر 
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا جبکہ فصلوں اور جانوروں کے نقصان کے معاوضہ کیلئے کسان پیکیج لانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت سیلاب متاثرین کے لیے بجلی کے بلوں پر جنرل سیلز ٹیکس، ایف سی سرچارج اور فکس چارجز ختم کرنے پر غور کررہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پرجنرل سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کی بھی تجویز زیر غور ہے اس کے علاوہ بجلی کے بلوں پر انکم ٹیکس مزید اور فاضل ٹیکس سمیت ریٹیلر سیلز ٹیکس کا خاتمہ بھی زیر غور ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے سیلاب متاثرین کے بجلی بلوں پر ٹیکسز کے خاتمے کیلئے کام کیا جا رہا ہے، فوری طور پر سیلاب متاثرین کے ٹیکس معاف کئے جائیں گے، بلوں میں ریلیف وفاقی حکومت دے گی، لینڈ ریونیو صوبائی حکومت معاف کرے گی۔انہوں نے کہا سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی کے اضافی بلوں کا نوٹس لیں گے۔دوسری جانب حکومت نے فصلوں اور جانوروں کے نقصان کے ازالے کیلئے کسان پیکیج لانے کا بھی فیصلہ کرلیا۔ رانا تنویر کا کہنا ہے سیلاب متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل ہوتے ہی کسان پیکیج کا اعلان کریں گے، 10 روز تک سیلاب متاثرہ علاقوں کا سروے مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا سیلاب سے ہر فصل کا ایک سے 3 فیصد تک نقصان ہوچکا، چاول کا سب سے زیادہ نقصان ہوا۔