سیلاب میں سول ڈیفنس پوسٹ متاثر، غوطہ خور زخمی

درجنوں لائف جیکٹس اور کشتیاں سیلاب کی نذر، سامان بہہ گیا، نئی پوسٹ پیچھے منتقل
لاہور ( کرائم رپورٹر)دوسروں کی مدد کرنے والے خود سیلاب کی زد میں آ گئے۔ راوی کے سیلاب سے سول ڈیفنس کی غوطہ خوروں کی پوسٹ بھی متاثر ہوئی اور وہاں موجود سامان دریا برد ہوگیا۔ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس کی درجنوں لائف جیکٹس اور 2 کشتیاں بہہ گئیں جبکہ پوسٹ کا مکمل ڈھانچہ، واش روم اور کچن کا سامان بھی سیلاب کی نذر ہوا۔ کشتیوں کا انجن، جنریٹر اور سلنڈر بھی پانی میں بہہ گئے۔ رضاکار اور غوطہ خور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد میں مصروف تھے۔سی ڈی او سول ڈیفنس اشفاق احمد کا کہنا ہے کہ سیلاب سے غوطہ خوروں کا ذاتی سامان متاثر ہوا ہے، تاہم کشتیاں صرف سامان اور ڈھانچے کے ساتھ بہہ گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئی چیک پوسٹ دریا کے کنارے سے مزید پیچھے بنائی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔