اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات نے ضلع بھر میں سموگ کا باعث بننے والے عناصر کے خلاف کریک ڈا ئون تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں کاروائیوں کے دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 3 اینٹوں کے بھٹوں اور 1 رائس مل کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ پلاسٹک بیگز فروخت کرنے والی شاپس کی چیکنگ کے دوران 100 کلوگرام غیر معیاری اور ممنوعہ پلاسٹک قبضے میں لے لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد جہانتاب اختر نے کہا کہ سموگ کا سبب بننے والے انڈسٹریل یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور غیر معیاری پلاسٹک بیگ فروخت کرنے والی شاپس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں اور عوامی صحت سے کھیلنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور سموگ کنٹرول پریکٹسز پر عمل نہ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی و انتظامی کاروائیاں جاری رہیں گی۔ محمد جہانتاب اختر نے کہا کہ زیگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں اور ماحول دشمن صنعتی یونٹس کو فوری سیل اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔