ساس سے محبت ہونے پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا

اتر پردیش(نیٹ نیوز) بھارتی ریاست اتر پردیش میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شوہر نے ساس سے محبت ہونے پر بیوی کو قتل کر دیا۔انڈین میڈیا کے مطابق قتل کا واقعہ ضلع گنج میں پیش آیا۔ داماد کا ساس سے محبت ہونے کا انوکھا واقعہ اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا جب دونوں کی تصاویر سوشل میڈیا پلیت فارمز پر وائرل ہوئیں۔رواں ہفتے پولیس کو سدھ پورہ میں ایک شادی شدہ خاتون کی مشکوک موت کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ جائے وقوع پر پہنچنے پر پولیس حکام کو 20 سالہ شیوانی کی لاش اس کے گھر کے اندر ملی۔تحقیقات میں معلوم ہوا کہ شیوانی کی شادی 2018 میں پرمود نامی نوجوان سے ہوئی تھی۔ خاندان والوں نے پرمود پر الزام لگایا کہ اس کا اپنی ساس کے ساتھ معاشقہ تھا جس کی وجہ سے خاندان میں اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔پولیس حکام کے مطابق ان الزامات کی وجہ سے خاندان میں کافی عرصے سے جھگڑے چل رہے تھے، خاندان والوں کا کہنا تھا کہ معاشقے سے پیدا ہونے والے تنازع کے نتیجے میں شیوانی کے خلاف بار بار تشدد کیا گیا۔شیوانی کی لاش برآمد ہونے سے صرف دو دن پہلے پرمود اور شیوانی کے درمیان ایک اور شدید جھگڑا ہوا تھا جس کے دوران ملزم نے اسے قتل کر دیا۔واقعے کے بعد پرمود اور اس کے خاندان کے افراد مبینہ طور پر جائے وقوع سے فرار ہوگئے جنہیں پولیس تلاش کر رہی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ قتل کے بعد پرمود اور اس کی ساس کی قابل اعتراض تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیر گردش ہیں۔ شیوانی کے رشتہ داروں کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے شوہر اور اس کے خاندان کے دیگر افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا۔