سی سی ڈی لاہور کی زیرحراست ملزم رمضان کو ریکوری کیلئے لے جایا جا رہا تھا ،ساتھیوں کی گولیوں کانشانہ بنا
و زیرآباد ، بصیر پور میں بھی سی سی ڈی کیساتھ مقابلے میں ایک، ایک ملزم مارا گیا، گرفتاریاں گوجرانوالہ میں ہوئیں
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ(سی سی ڈی )پنجاب کے لاہور سمیت مختلف شہروں میں5مبینہ مقابلے،3ڈاکو ہلاک، 4زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سی سی ڈی ماڈل ٹائون زیرحراست ملزم رمضان کو ریکوری کیلئے نشترکالونی لے کر گئی تو وہاں ملزم کو چھڑوانے کیلئیاس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا اور گولیاں لگنے سے ملزم رمضان مارا گیا جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔ سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ملزم رمضان کا تعلق پشاور سے تھا اوروہ بین الصوبائی وارداتوں میں ملوث تھا۔ ادھر وزیرآبادمیں سی سی ڈی نے تھانہ صدر کے علاقہ چشتی چوک نالہ پلکھو سے ملحق بند روڈ پر ناکہ لگا رکھا تھا اس دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سیموٹرسائیکل سوار ڈاکو سعید پٹھان سکنہ بدوکی ہلاک ہو گیا، پولیس نے لاش ہسپتال منتقل کر دی ہے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ کے تھانہ صدر کے علاقہ اٹاوہ اور تھانہ کینٹ کی حدود کوٹ شاہاں کے قریب بھی سی سی ڈی ٹیموں نے ناکہ لگا کر ملزموں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزموں نے روکنے کی بجائے تیز رفتاری میں موٹرسائیکلیں بھگا دیں ، موٹرسائیکلیں ڈیوائیڈر لائن سے ٹکرانے پر 4ملزم شدید زخمی ہو گئے جنہیں زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ادھر ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپورکے قصبہ بصیرپور حویلی لکھاروڈپرموڑ دھول فقیربخش کے قریب رات گئے سی سی ڈی سے مقابلہ میں خطرناک ڈاکو ذوالفقارعرف انتظارساکن موضع اکبر ہلاک ہوگیاجبکہ اسکے 2 ساتھی فرارہوگئے۔ہلاک ڈاکو ڈکیتی،راہزنی،وہیکل چوری سمیت39سنگین نوعیت کے مقدمات میں ریکارڈیافتہ تھا۔