استعفیٰ آئیگا تو قانونی اور آئینی نکات کو دیکھ کردستخط کروں گا:فیصل کریم کنڈی
استعفیٰ گورنر ہاؤس گیٹ پر پہنچایا گیا، ریسیونگ بھی لی:وزیر اعلیٰ ہاؤس ذرائع
پشاور،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میرے پاس وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورکا کوئی استعفیٰ نہیں آیا۔ فیصل کریم کنڈی کا روزنامہ دنیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملٹری سیکرٹری کو استعفیٰ موصول ہونا فیک نیوز ہے،میرے پاس جب استعفیٰ آئیگا تو قانون کے مطابق کارروائی کروں گا،استعفیٰ دیکھ کر پتا چلے گا کہ مستعفی ہونے کی کیا وجہ ہے، قانونی اور آئینی نکات کو دیکھ کر دستخط کروں گا، استعفے میں غلطی ہوئی تو واپس بھیجوں گا۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کے وزیراعلیٰ امیدوار کا اپوزیشن لیڈر ہی بتا سکتے ہیں، پوری پی ٹی آئی آج یوم نجات منا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گورنر ہاؤس گیٹ پر کل رات پہنچایا گیا، سی ایم ہاؤس کے عملے نے استعفے کی ریسیونگ بھی لی۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اسلام آباد میں ہیں اورمختلف غیر ملکی سفیر وں سے ملاقات کی، پاکستان اور افغانستان کے درمیان فٹبال میچ دیکھا۔