امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط ہوگئے، معاہدے پر باضابطہ دستخط اتوار تک ہونے کا امکان ہے،اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مرحلہ پیر سے شروع ہوگا:ترجمان وائٹ ہائوس
معاہدہ طے پا گیا، اسرائیل کو معاہدے کی تمام شرائط پر عملدر آمد کا پابند بنایا جائے: حماس‘تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو گھر لائیں گے، یہ ہمارے لئے ایک عظیم دن ہے،:یتن یاہو
اسرائیلی فوج غزہ شہر، شمالی علاقوں، رفح اور خان یونس سے انخلاء کرے گی ‘5سرحدی گزرگاہوں سے یومیہ 600 ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے ، قیدیوں کا تبادلہ صرف اسی صورت میں ہوگا جب جنگ بند ہوگی:حماس رہمنا
شرم الشیخ ،واشنگٹن،مقبوضہ بیت المقدس،لندن(آئی این پی )اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ کے خاتمے کیلئے بڑا بریک تھرو سامنے آگیا، فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا اور امریکی منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کرلئے گئے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ اسرائیل اور حماس نے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیئے گئے، تمام یرغمالیوں کو بہت جلد رہا کر دیا جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ اسرائیلی افواج ایک متفقہ لائن تک پیچھے ہٹ جائیں گی، یہ مضبوط، پائیدار اور دائمی امن کی طرف پہلا قدم ہوگا، تمام فریقوں کے ساتھ منصفانہ برتا کیا جائے گا۔امریکی صدر کا کہنا ہے کہ مسلم دنیا، اسرائیل، تمام پڑوسی ممالک اور امریکا کیلئے عظیم دن ہے، قطر، مصر اور ترکی کا شکریہ، اس تاریخی اور بے مثال واقعے کو ممکن بنایا‘اسرائیل اور حماس کے معاہدے پر دستخط کے بعد نیتن یاہو نے مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت اپنے شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لئے پرعزم ہے اور ہم اپنے تمام یرغمالیوں کو واپس لائیں گے۔ یہ اسرائیل کیلئے عظیم دن ہے، اجلاس بلا کر جنگ بندی معاہدے کی توثیق کرائی جائے گی۔حماس کے رہنما اسامہ حمدان اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے غزہ امن معاہدے کی تفصیلات پیش کرتے ہو ئے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ شہر، شمالی علاقوں، رفح اور خان یونس سے انخلا کرے گی، 5 سرحدی گزرگاہوں سے یومیہ 600 ٹرک غزہ میں داخل ہوں گے، انہوں نے واضح کیا کہ قیدیوں کا تبادلہ صرف اسی صورت میں ہوگا جب جنگ کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا، عالمی برادری کو اسرائیل کے رویے پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ وہ معاہدے پر عمل درآمد کرے۔