تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کا خاتمہ فوجی طاقت کے استعمال یا معاشی پابندیوں میں اضافے سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے امریکا کو ایران کے مطالبات اور شرائط تسلیم کرنا ہوں گی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ جنگ ختم کرنے کا راستہ طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ احترام کی زبان اختیار کرنے میں ہے۔ امریکا کو چاہیے کہ وہ ایران کے ساتھ سنجیدہ اور باہمی احترام پر مبنی رویہ اپنائے اور تہران کے پیش کردہ مطالبات پر عملی اقدامات کرے۔عباس عراقچی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ فوجی کارروائیاں اور معاشی دباؤ کسی تنازع کے مستقل حل کا ذریعہ نہیں بن سکتے۔ ان کے مطابق ایران کے خلاف جنگ روکنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے امریکا کو محض بیانات کے بجائے عملی طور پر ایران کے مطالبات کو تسلیم کرنا ہوگا۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا جنگ کے خاتمے کا خواہاں ہے تو اسے طاقت اور دباؤ کی پالیسی ترک کرکے سفارتی طریقہ اختیار کرنا ہوگا۔
ان کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران جنگ بندی یا تنازع کے حل کے لیے اپنی شرائط کو اہم قرار دے رہا ہے۔عراقچی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کشیدگی برقرار ہے اور تنازع کے خاتمے کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں بھی جاری ہیں۔ خطے کی صورتحال کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو اہمیت دی جا رہی ہے۔