اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ ایک دفاعی معاہدہ ہے، جو سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے اور یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری بھی بطور وزیر خارجہ ان کی ذمہ داریوں کا اہم حصہ ہے، جبکہ پاکستان تمام علاقائی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے رکھنا چاہتا ہے۔
اسلام آباد میں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کے زیر اہتمام مارگلہ ڈائیلاگ 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک کے سفرا، سفارتی شخصیات اور پالیسی ماہرین نے شرکت کی۔ اس سال ڈائیلاگ کا موضوع ’’بدلتا ہوا عالمی نظام: اسٹریٹجک غیر یقینی صورتحال سے کیسے نمٹا جائے‘‘ رکھا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی آر آئی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ماجد احسان نے کہا کہ مارگلہ ڈائیلاگ پالیسی سازوں اور متنوع خیالات کے تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو بین الاقوامی، علاقائی اور ملکی سطح پر پالیسی سازی میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ، افغانستان، یوکرین اور افریقہ میں جاری تنازعات بین الاقوامی نظام کی ناکامیوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ ان تنازعات کے حل کے بعد دنیا میں کس نوعیت کا عالمی نظام تشکیل پائے گا۔ماجد احسان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام باہمی عزت و احترام اور مسائل کے پرامن حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
عالمی نظام میں تبدیلی اور بڑی طاقتوں کی رقابت
اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا ایک بڑی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے اور ابھرتے ہوئے عالمی نظام میں ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ مارگلہ ڈائیلاگ کا موضوع پاکستان کو درپیش علاقائی اور عالمی چیلنجز کا احاطہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان رقابت عروج پر ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو سیاسی تقسیم اور اختلافات کا سامنا ہے۔ خلیج اور بحیرہ احمر میں کشیدگی اس بات کی مثال ہے کہ علاقائی تنازعات عالمی نظام اور بین الاقوامی تجارت کو کس طرح متاثر کرسکتے ہیں۔وزیر خارجہ کے مطابق بائیو ٹیکنالوجی سمیت جدید ٹیکنالوجیز ریاستوں کے بحرانوں سے نمٹنے کے طریقہ کار کو تبدیل کر رہی ہیں۔ پالیسی سازوں کو اس حقیقت کو مدنظر رکھنا ہوگا کہ ایک شعبے میں پیدا ہونے والا بحران دوسرے شعبوں تک بھی پھیل سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ بیرون ملک مؤثر سفارت کاری اور اندرون ملک مضبوطی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اقتصادی سفارت کاری ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان یورپی شراکت داروں کے ساتھ بھی آر فور فریم ورک کے تحت رابطے میں ہے۔
امریکا ایران مذاکرات اور پاکستان کی سفارتی کوششیں
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات بھی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ تھے۔ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات اور مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور تمام فریقوں کے درمیان رابطے کے ذرائع ہر صورت کھلے رہنے چاہئیں۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ 5 نومبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تنازعات کے دوران سفارت کاری اور بات چیت کے کردار سے متعلق پاکستان کی کوششوں پر ایک صدارتی بیان اتفاقِ رائے سے منظور کیا۔ اس بیان میں مسلح تنازعات کے دوران بھی سفارتی رابطے، ثالثی اور مذاکرات جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
مسئلہ کشمیر اور افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف
اسحاق ڈار نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے تنازعے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کا تحفظ جاری رکھے گا۔افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، تاہم افغان سرزمین کسی دوسرے ملک، خصوصاً پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔وزیر خارجہ نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے جائز حقوق کا تحفظ کرے گا۔ ان کے مطابق علاقائی استحکام کے لیے بین الاقوامی معاہدوں اور ذمہ داریوں کا احترام ضروری ہے۔
چین کے ساتھ تذویراتی شراکت داری اہم ستون ہے
اسحاق ڈار نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی تذویراتی شراکت داری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، جبکہ پاکستان امریکا سمیت دیگر عالمی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ بھی روابط اور تعاون کو فروغ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب، ترکیہ، ایران، خلیجی ممالک، یورپ اور وسطی ایشیا کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ سمندری راستوں اور بحری حدود کو محفوظ اور بلا رکاوٹ تجارت کے لیے کھلا رکھنا بھی عالمی معیشت اور علاقائی استحکام کے لیے ضروری ہے۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں
نائب وزیراعظم نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور شراکت داری کی علامت ہے۔ اس کا مقصد مشترکہ سلامتی کو مضبوط بنانا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تعاون بڑھانا ہے، نہ کہ کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی کرنا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی شراکت داروں کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا خواہاں ہے اور اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے 7 اگست 2026 کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تمام فریقوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار اس سے قبل بھی واضح کر چکے ہیں کہ یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں۔