عوامی تحریک:بلدیاتی امیدواروں سے درخواستیں طلب

تنظیمات کو انتخابی مہم کی تیاریوں، امیدوارنامزدکرکے حکمت عملی مرتب کرنیکی ہدایت
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان عوامی تحریک لاہور نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا باقاعدہآغاز کرتے ہوئے لاہور سے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں۔ اس سلسلے میں بلدیاتی کنونشن میں تنظیمی ذمہ داران کو انتخابی تیاریوں میں تیزی لانے، امیدواروں کی نامزدگی کیلئے تجاویز مرتب کرنے اور مو ثر انتخابی مہم کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ مقررین نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق بلدیاتی الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔کنونشن سے عوامی تحریک کے سینئر مرکزی نائب صدر میاں ریحان مقبول، نائب صدر راجہ زاہد محمود، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں کاشف محمود، سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، صدر لاہور ملک احمد اخوان، عارف چودھری،میاں عبدالقادر اور ثاقب بھٹی نے خطاب کیا۔ ریحان مقبول نے کہا عوام کو بااختیار بنانے کیلئے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ناگزیر ہے۔ کاشف محمود نے کہا آئین کیآرٹیکل 140-Aکے مطابق بلدیاتی اداروں کو انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کئے جائیں تاکہ عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہو سکیں۔ راجہ زاہد محمود نے کہا جمہوری نظام کی مضبوطی کیلئے ضروری ہے کہ عوام کو مسائل کے حل اور ترقیاتی فیصلوں میں براہ راست شریک کیا جائے۔ ملک احمد اخوان نے کہا لاہور میں تنظیم نو کا عمل جاری ہے۔ انشا اللہ بلدیاتی الیکشن سے قبل تنظیمی ڈھانچہ مکمل کر لیا جائے گا اور شہر کی ہر یونین کونسل میں کنونشن کرائیجائینگے تاکہ عوامی رابطہ مہم کو مو ثر اور منظم بنایا جا سکے۔عارف چودھری نے کہا ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنان کی سیاسی تربیت اخلاق، کردار، برداشت اور رواداری کے اصولوں پر کی ہے۔ نوراللہ صدیقی نے کہا جمہوریت کے نام پر قائم موجودہ نظام جمہوری اقدار کو بدنام کر رہا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے قائم کیے جائیں اور پورے نظامِ حکومت پر نظرثانی کرتے ہوئے اختیارات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور عوام کو بااختیار بنانے، مقامی مسائل کے حل اور حقیقی جمہوری نظام کے قیام کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔