خطر ناک ڈرائیونگ پرلاہور میں پہلی بار خاتون کیخلاف مقدمہ درج ،عبیر الرحمن کی نمبر پلیٹ جعلی نکلی
لاہور ( کرائم رپورٹر)لاہور میں ٹک ٹاکر خاتون اورنوجوان کارڈرفٹنگ پر پولیس کے ہتھے چڑ ھ گئے۔ٹک ٹاکر خاتون ڈرائیور کو کار ڈرفٹنگ پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع نے بتایاکہ گرفتار خاتون ڈرائیور نور بٹ معروف ٹک ٹاکر ہے۔ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے سی بی ڈی ایریا میں زگ زیگ کرتے ہوئے خطرناک ڈرائیونگ کی۔ پولیس نے خاتون کو کلمہ چوک کے قریب روک کر گرفتار کیا۔لاہور میں بغیر لائسنس خطرناک اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے پر تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹک ٹاکر خاتون ڈرائیور نور بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ڈیفنس فیز 6میں گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا کر ڈرفٹنگ کرنے والے نوجوان کو ٹریفک پولیس نے تعاقب کے بعد گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عبیر الرحمن کے نام سے ہوئی، جس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے کے لیے گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کر لیا۔چیف ٹریفک آفیسر عبد الرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ زگ زیگ ڈرائیونگ، روڈ بلاکنگ اور ڈرفٹنگ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والوں کے صرف چالان نہیں ہوں گے بلکہ ان کیخلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔