عالمی منڈی میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہونے کی امید پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں گزشتہ دو ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت کم ہو کر 92.57 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 86.85 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی۔دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مربن کروڈ آئل کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 99 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں ممکنہ کمی سے متعلق سرمایہ کاروں کی امیدیں ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر مزید حملوں کے امکانات کو کم قرار دینے کے بیان کے بعد عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے خدشات میں کمی آئی۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا تھا۔ تاہم سفارتی پیش رفت اور فوجی کشیدگی میں کمی کے امکانات نے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کو کسی حد تک کم کیا ہے۔واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ عالمی سطح پر تیل کی پیداوار اور ترسیل کا ایک اہم خطہ ہے۔ اس خطے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی یا آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات عالمی منڈی میں قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔