کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا کمزور حصہ گر گیا‘ پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا‘دریائے سندھ میں پانی میں اضافے کا امکان
تمام ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا‘ تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات غلط ہیں‘زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو نقصان نہیں پہنچا:ترجمان واپڈا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا جس سے پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔ترجمان واپڈا کے مطابق تمام ورکرز کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا ہے، ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکالا جاچکا ہے، زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا عمل شروع کیا جا چکا ہے، اس وقت زیریں جانب واقع ورک سائٹس پر مزید پانی داخل نہیں ہورہا، واپڈا کے سینئر آفیسرز، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ پراجیکٹ کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹا جا سکے۔ ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی زیر گردش اطلاعات غلط ہیں، پراجیکٹ کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا تمام ورکرز محفوظ ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دوسری جانب دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ہری پورکا کہنا ہے آئندہ 2 سے 3 دن میں دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ بڑھنیکاامکان ہے، دریائے کناریآباد شہری احتیاطی تدابیراختیارکریں، شہری اپنے مال مویشیوں کو فوری محفوظ مقامات پرمنتقل کریں۔