اپوزیشن نے 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف اپنا احتجاج درج کراتے ہوئے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس ہوا، جس میں راجہ ناصر عباس، حامد خان، نورالحق قادری اور ہمایوں مہمند نے شرکت کی۔تحریک کے اعلامیے کے مطابق، 27ویں آئینی ترمیم آئین پاکستان کی روح کے منافی ہے اور اس کے خلاف اپنی مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے اراکین نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ووٹنگ یا رائے شماری میں حصہ نہیں لیں گے۔
اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ غیر آئینی عمل میں شریک ہونا آئین کی بالادستی سے انحراف ہے، اور یہ ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے، پارلیمانی توازن اور وفاقی اصولوں کے خلاف ہے۔
تحریک نے واضح کیا ہے کہ پارلیمنٹ کسی بھی یک طرفہ آئینی ترمیم کی مجاز نہیں، اور یہ ترمیم جامع قومی اتفاق رائے سے عاری ہے۔مزید برآں، تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا ہے کہ وہ آئینی، قانونی اور جمہوری ذرائع سے اپنا احتجاج جاری رکھے گی، اور اس ترمیم کو غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر مؤثر قرار دیا ہے۔