اقبال نے مسلمانان ہند میں خودی اور وقار کا جذبہ بیدار کیا‘ محسن نقوی

 اقبال کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور امن کے لیے کوشاں رہنا ہوگا، نوجوانوں کے لیے اقبال کے افکار مشعل راہ ہیں
وفاقی وزیر داخلہ نے مفکر پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا،پاکستان اقبال کے خواب کی تعبیر ، حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مفکر پاکستان شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کی شخصیت اور فکر ایک بے مثال میراث، جس نے مسلمانان ہند میں خودی اور وقار کا جذبہ بیدار کیا۔ پاکستان اقبال کے خواب کی تعبیر ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے افکار آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ اقبال کے فلسفہ خودی نے نوجوانوں کو بلند حوصلہ، غیر متزلزل ایمان اور خود اعتمادی عطا کی ۔ اقبال کی شاعری لازوال پیغام ہے جو عمل اور فکر کی دعوت دیتی ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ہمیں اقبال کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور امن کے لیے کوشاں رہنا ہوگا۔ نوجوانوں کے لیے اقبال کے افکار مشعل راہ ہیں، اپنی خودی پہچانیں اور محنت سے پاکستان کے روشن مستقبل کی تعمیر کریں۔