نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارتی سپورٹس صحافی سشانت مہتا ویسے تو اکثر ہی اپنی پاکستان دشمن حرکتوں کی وجہ سے میمز کا حصہ بنے رہتے ہیں اور وہ پاکستانی کرکٹ کے خلاف گھٹیا زبان استعمال کرنے پر ٹرول ہوتے رہتے ہیں ، اب ایک بار پھر اپنی ایسی ہی گفتگو کی وجہ سے انہیں چند ہی گھنٹوں کے اندر ہزیمت اٹھانا پڑ گئی۔گزشتہ روز جب پاکستان نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر راولپنڈی میں ہونے والے پی ایس ایل کے میچ کو منسوخ کیا تو سشانت مہتا نے کہا کہ راولپنڈی میں ڈرون آیا یا آسمانی بجلی گر گئی جس کی وجہ سے میچ منسوخ ہو گیا ہے اور انٹر نیشنل کھلاڑیوں کی حالت خراب ہے ، سب پاکستان سے بھاگنا چاہتے ہیں۔ سشانت مہتا نے استفسار کیا کہ پاکستانی حکام بتائیں کہ راولپنڈی میں میچ کیوں نہیں ہو رہا، کتنا چھپا لو گے؟ بتا ایسے رہے ہو کہ ہم نے یہ کردیا وہ کردیا۔ سشانت مہتا کی اس ٹرانسمیشن کے بعد آئی پی ایل
کے میچ کی ٹرانسمیشن جاری تھی جہاں خوف کا یہ عالم تھا کہ جاری میچ کو اچانک روک کر سب نے دوڑیں لگا دیں اور اسٹیڈیم کو خالی کرنا پڑ گیا۔ جب یہ سب ہو رہا تھا تو اس دوران سشانت مہتا نے سب سے پہلے گراونڈ میں لائٹس بند ہونے کو ٹیکنکل فالٹ قرار دیا اور کہا کہ ابھی واپس لائٹ جلے گی تو میچ سٹارٹ ہو جائے گالیکن پھر جب سٹیڈیم کی ساری لائٹس بند ہو گئیں تو سشانت مہتا کے چہرے پر شرمندگی کے آثار صاف دکھائی دے رہے تھے۔