دہشت گرد حملے سے دل ٹوٹ گیا ‘مشکل وقت میں پاکستان کیساتھ ہیں:برطانوی ہائی کمشنر‘سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں:ایرانی سفیر
اسلام آباد(آئی این پی)امریکی سفارت خانے کی جانب سے اسلام آباد میں دھماکے پر اظہار مذمت کیا گیا ہے۔امریکی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئر نیٹلی بیکر نے سفارت خانے کے آفیشل ایکس اکائونٹ پر کہا ہے شہریوں اور عبادت گاہوں کے خلاف دہشت گردی اور انہیں نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، پاکستانی عوام حفاظت اور وقار کے ساتھ، خوف کے بغیر اپنے عقیدے پر عمل کرنے کے حق دار ہیں‘امریکہ امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور استحکام کے لیے اپنی شراکت داری پر قائم ہے، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا دہشت گرد حملے سے دل ٹوٹ گیا ہے اور ان کی دعائیں جاں بحق اور زخمی افراد کے ساتھ ہیں۔جین میریٹ نے دہشت گردی کے واقعے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ایرانی سفیر نے کہا کہ اس گھنانے حملے کے نتیجے میں درجنوں بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ ایرانی سفیر نے حکومتِ پاکستان، عوامِ پاکستان اور بالخصوص سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ ہماری دعائیں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا